اسلام آباد کی مقامی عدالت نے سابق چیرمین ایس ای سی پی ظفر حجازی کا مزید 3 روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا۔
وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق چیرمین سیکیورٹی اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان ظفر حجازی کو 4 روز کا ریمانڈ مکمل ہونے پر عدالت میں پیش کیا اور مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی۔ اس موقع پر جج نے تفتیشی افسر سے سوال کیا کہ پہلے یہ بتائیں کہ 4 دن کے جسمانی ریمانڈ کے دوران کیا پوچھ گچھ کی؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ پہلے تو یہ اسپتال میں تھے۔ ظفر حجازی کے وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ظفر حجازی 2 دن اسپتال اور 2 دن ایف آئی اے کے پاس تھے۔ عدالت نے ایف آئی اے کی استدعا منظور کرتے ہوئے ظفر حجازی کو مزید 3 روز کے جسمانی ریمانڈ پر تفتیشی افسر کے حوالے کردیا۔ عدالت نے ظفر حجازی کو 29 جولائی کو دوبارہ پیش کرنے کا بھی حکم دیا۔ واضح رہے کہ ظفر حجازی پر چوہدری شوگر ملز کے ریکارڈ میں ردو بدل کا الزام ہے جس کا انہوں نے سپریم کورٹ میں اعتراف کیا تھا جب کہ ضمانت منسوخ ہونے پر ایف آئی اے نے انہیں عدالت سے ہی حراست میں لیا تھا۔