کوئٹہ: بلوچستان میں نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب ہفتے کو ہوگا تاہم قائد ایوان کے لیے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔
بلوچستان اسمبلی سیکر یٹریٹ کی جانب سے نئے قائد ایوان کے انتخاب کے لیے جاری کردہ شیڈول کے مطابق کاغذات نامزدگی کی وصولی اور جمع کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتے کی صبح 10بجے بلائے گئے اسمبلی اجلاس میں وزیراعلیٰ کا انتخاب عمل میں لایا جائے گا۔ سابق ڈپٹی اسپیکر بلوچستان اسمبلی عبدالقدوس بزنجو نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے ہیں۔ جان محمد جمالی ان کے تجویز کنندہ جب کہ سرفراز بگٹی تصدیق کنندہ ہیں۔ واضح رہے کہ نواب ثنا اللہ زہری کے خلاف ارکان اسمبلی نے بغاوت کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کرادی تھی تاہم تحریک پیش ہونے سے پہلے ہی انہوں نے استعفیٰ دے دیا تھا۔