کراچی: مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کی مہم کے اثرات ابھی سے کراچی میں نظر آنا شروع ہوگئے، کراچی میں چکن فروش کی دکانوں پر گاہک نہ ہونے کے برابر ہی رہ گئے۔
رمضان المبارک کی آمد سے پہلے ہی دوسری اشیائے خور و نوش کی طرح مرغی کی قیمتوں کو بھی پر لگ گئے جس پر نوجوانوں نے سوشل میڈیا پر مرغی کے گوشت کے بائیکاٹ کی مہم شروع کردی ہے اور شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ 17 مئی سے 19 مئی تک تین دن مرغی کے گوشت کا بائیکاٹ کریں تاکہ مرغی کا کاروبار کرنے والے رمضان المبارک میں شہریوں کو لوٹنے کا سلسلہ بند کریں۔
مہم کے شروع ہوتے ہی کراچی میں مرغی کی دکانوں پر رش چھٹ گیا جس سے دکاندار بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔ اس وقت کراچی میں مرغی کا گوشت 320 روپے سے 340 روپے کلو کے حساب سے فروخت ہو رہا ہے، اگر مہم کامیاب ہوجاتی ہے تو مرغی کے گوشت کی قیمت 300 روپے سے نیچے آنے کے امکانات روشن ہو جائیں گے۔