اسلام آباد: عدالت کے حکم پر نیب پراسیکیوٹرز کو سکیورٹی فراہم کی گئی، پولیس اور ایف سی اہلکار نیب وکلاء اور تفتیشی افسران کی سکیورٹی پر تعینات ہیں: رپورٹ
نیب نے نواز شریف خاندان اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف کرپشن ریفرنسز کی پیش رفت رپورٹ سپریم کورٹ کے نگران جج کو جمع کرا دی۔ نیب کی جانب سے پیش رفت رپورٹ نگران جج جسٹس اعجاز الاحسن کے چیمبر میں جمع کرائی۔ نگراں جج کو نیب پراسیکیوٹرز کو سکیورٹی دینے سے متعلق الگ رپورٹ بھی دی گئی ہے۔ رپورٹ میں نوازشریف، مریم صفدر، کیپٹن (ر) صفدر اور وزیر خزانہ اسحاق ڈار پر عائد فرد جرم کی تفصیلات شامل ہیں جبکہ نگراں جج کو حسن اور حسین نواز کو مفرور قرار دیئے جانے کے فیصلے سے بھی آگاہ کیا گیا ہے۔ نیب کی جانب سے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جائیداد منجمد کرنے کی تفصیلات بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔ رپورٹ میں احتساب عدالت کے حکمنامے، اسحاق ڈار کیخلاف اب تک ریکارڈ ہونے والی شہادتوں کی تفصیل بھی شامل ہے۔ سکیورٹی سے متعلق الگ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ عدالت کے حکم پر نیب پراسیکیوٹرز کو سکیورٹی فراہم کی گئی ہے۔ پولیس اور ایف سی اہلکار نیب وکلاء اور تفتیشی افسران کی سکیورٹی پر تعینات ہیں۔