احتساب عدالت کے منتظم جج نے ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر کے ایم سی سیف عباس کو 25 مئی تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔ احتساب عدالتوں کے منتظم جج کے روبرو نیب حکام نے گزشتہ روز گرفتار ڈائریکٹر اسپورٹس اینڈ کلچر کے ایم سی سیف عباس کو پیش کیا۔ عدالت کو نیب کے تفتیشی افسر نے آگاہ کیا کہ ملزم سیف عباس اس سے قبل ڈائریکٹر کے ڈی اے رہ چکے ہیں جہاں وہ 265 ایکڑ کے 300 پلاٹوں کے غیر قانونی فروخت اور لیز میں ملوث رہے ہیں۔نیب کے تفتیشی افسر کا مزید کہنا تھا کہ ملزم سیف عباس نے اپنے عہدے کا ناجائر فائدہ اٹھاتے ہوئے پلاٹوں کوغیرقانونی طور پر لیز بھی کیا۔ نیب کے تفتیشی افسر کے مطابق اسی کیس میں نیب حکام نے 3 مئی کو شعیب میمن نامی ملزم کو بھی گرفتار کیا تھا۔تفتیشی افسر نے ملزم سیف عباس سے مزید تفتیش کے لئے عدالت سے ملزم کو جسمانی ریمانڈ پر حوالے کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے تفتیشی افسر کی استدعا پر سابق ڈائریکٹر کے ایم سی سیف عباس کا 25 مئی تک جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے نیب حکام کے حوالے کر دیا۔