بالی وڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان نے فلم ’ریس‘ کے تیسرے سیکوئل میں سلمان خان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کردیا۔
بالی وڈ میں خانز کے ساتھ کام کرنا ہر اداکار و اداکارہ کا خواب ہے اور تینوں خانز کے ساتھ فلموں میں کام کرنے والے اداکار راتوں رات شہرت کی بلندیوں پر پہنچے ہیں۔ دپیکا پڈوکون اور انوشکا شرما جیسی بڑی اداکاراؤں کو فلم انڈسٹری میں متعارف کروانے میں شاہ رخ خان کا اہم کردار ہے جب کہ سلمان خان اور عام خان بھی کئی بڑے چہروں کو انڈسٹری کی پہچان بنا چکے ہیں۔
یکے بعد دیگرے فلموں کی ناکامی کے باوجود سیف علی خان نے بظاہر سلمان خان کے ساتھ فلم میں کام کرنے سے انکار کردیا ہے۔ اس وقت سیف علی خان کا فلمی کیرئیر تنزلی کا شکار ہے اور 2014 کے بعد سے ان کی ’’ہیپی اینڈنگ‘‘، ’’فینٹم‘‘ اور ’’رنگون‘‘ جیسی بڑی فلمیں ناکام ہو چکی ہیں۔ ایک ایسے وقت، جب انہیں اپنے کیرئیر کو بچانے کے لیے ایک سپر ہٹ فلم کی ضرورت ہے، میں سلمان کے ساتھ فلم سے انکار پر فلمی ماہرین بھی حیران ہیں۔
گزشتہ روز فلمساز رمیش تورانی نے فلم ’’ریس‘‘ کے تیسرے سیکوئل میں سیف علی خان اور انیل کپور کی جگہ سلمان خان اور جیکولین فرنینڈس کو کاسٹ کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا۔
بھارتی میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ فلم ’’ریس‘‘ اور ’’ ریس 2‘‘ میں ہیرو کا کردار کرنے والے سیف علی خان کو تیسرے سیکوئل میں بھی سلمان کے ساتھ کام کرنے کی پیش کش کی گئی تھی لیکن انہیں یہ کہتے ہوئے انکار کر دیا گیا کہ ’میں اس فلم میں پہلے ہیرو کا کردار ادا کر چکا ہوں۔۔۔تو اب کیوں سلمان سے چھوٹا رول کروں‘۔ رپورٹس کے مطابق سیف فلم کے تیسرے سیکوئل سے اچانک ہی اپنے کردار کے خاتمے پر ناخوش ہیں اور فلم میں سلمان کے ساتھ کام سے انکار کی وجہ بھی اسے ہی قرار دیا جارہا ہے۔ واضح رہے کہ سلمان خان اور سیف علی خان ’’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘‘ اور ’’بیوی نمبر1‘‘ میں ایک ساتھ اداکاری کے جوہر دکھا چکے ہیں۔