غریبوں کا مفت علاج کرنے سے انکار پر بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے مہنگے ترین پرائیوٹ ہسپتالوں کو کروڑوں روپے جرمانہ کر دیا گیا ہے۔
نئی دہلی: (یس اُردو) بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق نئی دہلی کی حکومت نے شہر میں قائم چوٹی کے پانچ پرائیوٹ ہسپتالوں سے کہا ہے کہ وہ غریب مریضوں کے مفت علاج سے انکار پر 600 کروڑ کی رقم بطور جرمانہ ادا کریں۔ حکومت کا کہنا ہے کہ ان پرائیوٹ ہسپتالوں کو 1960ء اور 1990 کے درمیان ہسپتال کی زمینیں صرف اس شرط پر لیزنگ پر دی گئی تھیں تاکہ وہاں غریبوں مفت علاج معالجہ ہو سکے۔ ان پرائیوٹ ہسپتالوں نے اس پر آج تک عمل نہیں کیا۔ دہلی حکومت کے مطابق دسمبر 2015ء میں ان ہسپتالوں کو وضاحت کیلئے نوٹسز بھی جاری کئے گئے تھے کہ وہاں غریبوں کا علاج کیوں ممکن نہیں ہے لیکن کسی بھی ہسپتال نے تسلی بخش جواب دینا گوارہ نہ کیا۔ دہلی حکومت کی جانب سے ان ہسپتالوں کو تنبیہ کی گئی ہے کہ وہ رواں سال 9 جولائی تک مذکورہ رقم ادا کر دیں بصورت دیگر ان کیخلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق نئی دہلی میں اس وقت 43 پرائیوٹ ہسپتال قائم ہیں، جنھیں حکومت نے رعایتی نرخوں پر زمینیں الاٹ کی تھیں۔ ان میں سے پانچ ہسپتالوں کو جرمانے کے نوٹسز جاری کر دیئے گئے ہیں۔