اسلام آباد (ویب ڈیسک) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین و سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نومبر سے پہلے حکومت کو گھر بھیج دیں گے ، مستقبل بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز کا ہے، مریم نواز ہماری بیٹیوں جیسی ہے ، وزیراعظم کے اسکینڈل کا بتایا تھا اس لئے میرا انٹرویو نشر نہیں ہوا ، ملک میں سویلین مارشل لاء نافذ ہے ، ہم سے بھی غلطیاں ہوئیں۔ پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو میں پاکستان پیپلزپارٹی کے صدر آصف زرداری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت جا رہی ہے، ان کی حکومت جانے میں چار سے پانچ مہینے لگیں گے، ان کے بعد سیاسی قوتیں آئیں گی، عمران خان کی حکومت بٹن دبانے سے نہیں بلکہ جدوجہد سے جائے گی اور اپوزیشن جدوجہد کر رہی ہے، ہماری جدوجہد سے عمران خان کی حکومت نومبر سے پہلے چلی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل بلاول بھٹو اور مریم نواز کا ہے اور اب ہم ان کو گائیڈ لائن دیں گے، مریم نواز ہماری بیٹیوں جیسی ہے ہم انہیں مشورہ دیتے رہیں گے۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی پارٹیاں مل کر نومبر سے پہلے حکومت کو گھر بھیج رہے ہیں، پروڈکشن آرڈر کے قانون کو ختم کرکے حکومت پارلیمنٹ کو کمزور کرے گی اس کا نقصان بھی انہیں اٹھانا پڑے گا، میاں نواز شریف کو گھر شفٹ کیا جانا چاہئے، حکومت تیس بلین ڈالر کے مزید قرضے ایسے ممالک سے لینے جارہی ہے جن سے ہم بات نہیں کر سکتے۔ دبئی میں ایک کمپنی ہے جس پر لندن میں کیس چل رہے ہیں اور اس کمپنی کے سی ای او نے تیس ملین ڈالر سے ضمانت لی ہے۔