لندن : وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ پاکستان خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا مگر کسی ملک کی اجارہ داری یا تسلط قبول نہیں کیا جائے گا جب کہ بھارت کو سمجھنا ہوگا کہ مسئلہ کشمیر کے بغیر مذاکرات کا عمل آگے نہیں بڑھ سکتا۔
لندن میں وزیر داخلہ چوہدری نثار نے برطانوی وزیر خارجہ فلپ ہیمنڈ سے ملاقات کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس دوران برطانوی وزیر خارجہ نے خطے میں پاکستان کی امن کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ وزیر اعظم نواز شریف کے امن کے ویژن کا اعتراف کرتا ہے۔
افغانستان میں مذاکرات کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے کردار کو بھی سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں مذاکراتی عمل میں کوئی خلل نہیں آئی گا اور یہ عمل مزید آگے بڑھایا جائے گا۔
برطانوی وزیر خارجہ سے ملاقات میں چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان برطانیہ کے ساتھ اپنے دوستانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، دونوں ممالک کے تعلقات میں کسی قسم کی غلط فہمی کی نہ تو کوئی گنجائش ہے اور نہ ہم آنے دیں گے۔