باٹلے : جموں کشمیر کی دھرتی سے تعلق رکھنے والے برطانوی شیڈو منسٹر ایم پی بیرسٹر عمران حسین نے کہا ہے کہ کسی بھی خطہ کے وزیر اعظم کی توہین کرنا اسے کسی جانور سے تعبیر کرنا بالکل جائز نہیں ہے انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کا وزیراعظم چوہدری مجید بھی اتنا ہی وزیر اعظم ہے جتنا کسی دوسرے ملک کا وزیراعظم ہوتا ہے ۔
پاکستان کے وزیر امور کشمیر کی جانب سے آزادکشمیر کے وزیر اعظم کے خلاف توہین آمیز ریمارکس پر ان خیالات کا اظہار برطانوی شیڈو منسٹر ایم پی بیرسٹر عمران حسین نے باٹلے میں جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ وہ سب سے پہلے مسلمان ہیں اس کے بعد وہ کشمیری ہیں اور کشمیری ہونے پر فخر محسوس کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ آج سے تقریباً پچاس سال قبل ان کے اباو اجداد کشمیرکے اس خطہ سے آکر برطانیہ آباد ہوئے تھے جہاں تعلیم و صحت اور دیگر سہولیات ناپید تھیں اور آج بھی پسماندگی موجود ہے لیکن میں نے سولہ سال کی عمر اپنی پہلی تقریر اپنے وطن جموں کشمیر کے حوالہ سے ہی کی تھی ۔
انہوں نے کہا کہ وہ کشمیری عوام کی امنگوں کے عین مطابق کشمیریوں کے قومی حق خوداردیت کی حمایت کرتے ہیں اور پارلیمنٹ میں اس پر دیگر ایم پیز کی حمایت کیلئے بھر پور کوشش کروں گا انہوں نے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج نہتے کشمیریوں پر اپنے مظالم بند کرے ۔ بیرسٹر عمران حسین نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے کشمیری اپنی جدوجہد میں مجھے اپنے شانہ بشانہ پائیں گے ۔انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایک وقت ضرور آئے گا جب کشمیری آزادی کی صبح دیکھیں گے