وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں دہشت گردی کے لیے فنڈز کے ذرائع کیا ہیں،اس حوالے سے 100فیصد درست معلومات حاصل کرنا مشکل ہے، تاہم اندازے ضرور لگائے گئے ہیں۔
وزارت داخلہ نے وقفہ سوالات میں سینیٹ کو دیئے گئے تحریری جواب میں بتایا ہے کہ دہشت گرد گروپ فنڈز اکٹھے کرنے کے لیے بھتہ بھی لیتے ہیں ،جب کہ کچھ مسلح تنظیمیں پاک افغان سرحد پر سرگرم منشیات فروشوں سے رابطے میں رہتی ہیں، اس کے علاوہ بعض غیر ملکی خفیہ ادارے بھی پاکستان میں افراتفری پھیلانے کے لیے دہشت گرد گروپوں کی فنڈنگ کرتے ہیں۔وزارت داخلہ نے ایوان کو بتایا کہ فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت درج مقدمات کی تعداد 498 جبکہ اینٹی منی لانڈرنگ کے تحت 230 ہے، مشکوک ترسیلات کی رپورٹس پر 116 مقدمات درج کیے گئے۔
وزارت داخلہ کے مطابق 2013ء سے اب تک ملک میں دہشت گردی کے 5 ہزار321 واقعات ہوئے ، 4 ہزار613 افراد جاں بحق اور12 ہزار188 زخمی ہوئے، رواں سال اب تک دہشت گردی کے 10 واقعات میں 5افراد جاں بحق اور31 زخمی ہوئے۔