کیا آپ نے غور کیا ہے کہ بھارت میں ہر نئی فلم جمعہ کے روز ہی کیوں ریلیز کی جاتی ہے؟
ممبئی: (یس اُردو) جمعہ کا دن پورے ویک کا آخری ورکنگ ڈے ہوتا ہے۔ جمعہ آتے ہی نوکری پیشہ افراد سکون کی سانس لیتے ہیں کیونکہ اس کے بعد انھیں ہفتہ وار چھٹی ہوتی ہے۔ اکثر دیکھا گیا ہے کہ لوگ جمعہ کے روز ہی اپنے تمام کام نمٹاتے ہیں تاکہ چھٹی کے دن آرام کر سکیں، اپنی فیملی کو وقت دیکھ سکیں یا کوئی نئی فلم دیکھنے جا سکیں۔ اگر آپ فلموں کے شیدائی ہیں تو آپ کو پتہ ہوگا کہ بھارت میں فلمیں جمعہ کے روز ہی ریلیز کی جاتی ہیں۔ آپ سمجھتے ہیں کہ ہفتہ کا آخری دن ہونے کی وجہ سے ایسا ہوتا ہے تو آپ غلط ہیں کیونکہ ایسا بالکل نہیں ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق انڈیا میں جمعہ کے روز فلمیں ریلیز کرنے کا رواج بہت پرانا ہے جو ساٹھ کی دہائی میں شروع ہوا تھا۔ 1960ء میں ریلیز ہونے والی مشہور فلم مغل اعظم کا شمار بھی ان فلموں میں ہوتا ہے جو جمعہ کے روز ریلیز کی گئیں۔ فلم مغل اعظم کو 5 اگست 1960ء میں جمعہ کے روز ریلیز کیا گیا تھا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق دراصل ہندو مذہب میں جمعہ کے دن کو لکشمی دیوی سے منسوب کیا جاتا ہے۔ اسی لئے فلم کے پروڈیوسرز اپنی فلم کی کمائی کیلئے جمعہ کا دن منتخب کرتے ہیں۔ بھارت میں فلم کی ریلیز کے دن کو مہورت کہا جاتا ہے۔ فلم کے مہورت والے دن لکشمی دیوی کو خوش کرنے کیلئے ناریل توڑے جاتے ہیں اور پوجا پاٹ بھی کی جاتی ہے۔