Released the image of Hussain Nawaz during interrogation for ridicule the Sharif family, Saad rafique
وفاقی وزیربرائے ریلوے خواجہ سعد رفیق نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے تفتیشی عمل کی اندرونی تصویر کی اشاعت سنگین اور افسوسناک ہے، تحقیقاتی کمرے سے حسین نواز کی تصویر کا اجرا تفتیشی عمل کی شفافیت پر ایک اور سوالیہ نشان ہے جب کہ حسین نواز کی دوران تفتیش تصویر شریف خاندان اور مسلم لیگ ن کی تضحیک کے لئے جاری کی گئی۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ بتایا جائے کہ جے آئی ٹی میں بلائے جانے والوں کے بارے میں توہین آمیز اندرونی باتیں میڈیا کو لیک کرنے والے ذرائع کون ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ جے آئی ٹی کی اندرونی کارروائی اور تصویر شیئر کرنے والوں کے خلاف ایکشن لیا جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روزوزیراعظم کے صاحبزادے حسین نواز کی جے آئی ٹی میں پیشی کی تصویر سوشل میڈیا پر لیک ہونے سے سیاسی میدان میں کھلبلی مچ گئی ہے۔