پٹنہ (کامران غنی صبا) معروف صحافی سید عبدالرافع کا طویل علالت کے بعد آج صبح پٹنہ میں انتقال ہوگیا۔وہ 75 سال کے تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور تین بیٹیاں ہیں ۔سید عبدالرافع 1940 ء کو صادق پور، پٹنہ سٹی میں پیدا ہوئے۔انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز 1961ء میں روزنامہ ‘اخوت’ (کلکتہ) سے کیا۔
ستمبر 1961ء میں ہی وہ روزنامہ ‘آزاد ہند’ سے وابستہ ہو گئے۔ تقریباً دس سال کلکتہ میں صحافتی خدمات انجام دینے کے بعد 1971 ء میں وہ پٹنہ چلے آئے اور روزنامہ ‘صدائے عام’ میں ترجمہ نگاری کے فرائض انجام دینے لگے۔
اپریل 1981 میں وہ روزنامہ’ قومی آواز’ سے منسلک ہو گئے جہاں انہوں نے سب ایڈیٹر، چیف سب ایڈیٹر اور نیوز ایڈیٹر کی ذمہ داری سنبھالی۔1991 ء میں قومی آواز کے بند ہونے کے بعد سید عبدالرافع ”قومی تنظیم ” سے وابستہ ہو گئے۔ نومبر 1992میں انہوں امارت شرعیہ کے ترجمان ہفت روزہ ‘نقیب’ میں بحیثیت مدیر سنبھالی اور آخر وقت تک روزنامہ قومی تنظیم اور نقیب سے وابستہ رہے۔
سید عبد الرافع کے انتقال پر تحریک اردو کے صدر محمد کمال الظفر، جنرل سکریٹری ریحان غنی، جوائنٹ سکریٹری مظہر عالم مخدومی اور شاہ فیض الرحمن، اردو نیٹ جاپان کے مدیر اعزازی کامران غنی صبا سمیت مختلف علمی، ادبی، ملی و سماجی تنظیموں کے ذمہ داران نے تعزیت پیش ہے۔