اسلام آباد (یس ڈیسک) اسلام آباد میں پریس کانفرس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان وہ تحقیقات چاہتے ہیں جس میں ان کی مرضی کا نتیجہ آئے۔
عمران خان حتمی فیصلے پر اثر انداز ہونے کیلئے حربے استعمال کر رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہا کہ دوبارہ گنتی کا مطالبہ تحریک انصاف کی ٹرمز آف ریفرنس میں شامل ہے لیکن عمران خان صاحب اب لفظ ”ری کائونٹنگ” سے خوفزدہ ہو جاتے ہیں۔
عمران خان سے درخواست کی تھی کہ سچ بولا کریں۔ انہوں نے کہا کہ کمشن کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 میں ایاز صادق کو 92 ہزار 393 ووٹ ملے جبکہ عمران خان کو 84 ہزار 542 ووٹ حاصل ہوئے۔
عمران خان بتائیں کہ کمشن کی رپورٹ میں کہاں لکھا ہے کہ 30 ہزار ووٹ جعلی ہیں؟۔ حقائق کی روشنی میں الیکشن ٹربیونل نے ابھی حتمی فیصلہ کرنا ہے۔
پرویز رشید نے کہا کہ اگر کسی بیلٹ پیپر پر مہر نہیں لگی تو اس میں مسلم لیگ (ن) کی کوئی غلطی نہیں ہے۔ عمران خان کو شرمندگی کا اظہار کرنا چاہیے انہوں نے نوجوانوں کو گمراہ کیا۔