کراچی: سپریم کورٹ نے کراچی سے تمام آئل ٹینکرز شہر سے باہر ذوالفقار آباد منتقل کرنے کیلئے 15 دن کی مہلت کردی۔

جسٹس گلزار احمد نے کہا کہ انہیں پولیس کے ذریعے اٹھا کر شہر سے باہر پھینکیں، کیا حکومت کے پاس طاقت نہیں، اگر یہ کام نہیں کرنا چاہتے اور ہڑتال کرتے ہیں تو آئل کمپنیاں انہیں آئل دینا بند کردیں، شہر میں ایک آئل ٹینکر داخل نہیں ہونے دیں گے، اب ہمارے پاس چین کا آپشن موجود ہے، حکومت پاکستان کو کہتے ہیں کہ آئل ٹینکرز کے لیے چین سے بات کرے، یہ کام نہیں کرتے نہ کریں، چین اب ہمارا آپشن موجود ہے، اب ہر چیز چین کو دو یہی آپشن ہے، حکومت کو چین سے آئل ٹینکرز کے ٹھیکے کی ہدایت کردیتے ہیں۔ آل پاکستان آئل ٹینکرز اونر ایسوسی ایشن کے چیئرمین یوسف شاھوانی نے کہا کہ ہم ذوالفقار آباد جانے کے لیے تیار ہیں۔ عدالت نے حکم دیا کہ آپ ایک ہفتے میں خود ذوالفقار آباد منتقل ہوجائیں، خود نہ گئے تو 15 دن بعد پولیس اور رینجرز کے ذریعے شہر سے نکالیں گے۔ عدالت نے 15 روز میں تمام آئل ٹینکرز ذوالفقار آباد منتقل کرنے کی ہدایت کردی۔








