لاہور : این اے 122 کے فیصلے کے بعد زمان پارک میں اپنی رہائش گاہ پر کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہمارا مقصد جمہوریت کا نظام لانا ہے اگر الیکشن شفاف ہوں گے تو لوگ ناکام حکومتوں کو ووٹ کی طاقت سے باہر کریں گے۔
انہوں نے کہا عام انتخابات میں 22 جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کا کہا تھا اور ہم نے تو صرف چار حلقے کھولنے کا کہا تھا اور ڈھائی سال تک شفاف الیکشن کے لیے جدوجہد کی۔ ایاز صادق کے دکھ میں شامل ہیں اور مقصد دل دکھانا نہیں تھا۔
عمران خان نے کہا انگوٹھوں کی شناخت کروانے کے لیے لاکھوں روپے لگائے اور نادرا کے چیئرمین کو آج شرم آنی چاہیے کہ وہ انگوٹھوں کی شناخت کیوں نہ کر سکا؟۔ جوڈیشل کمیشن میں جن حلقوں کے بارے میں کہا گیا ہر حلقے میں اسی طرح دھاندلی نظر آئے گی۔
جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ پر الیکشن کمیشن کو خط لکھا اور اب تک تین ہفتے ہو گئے ہیں کوئی جواب نہیں دیا۔ عمران خان نے انتخابی عملے کے خلاف کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کو دو ہفتے کا الٹی میٹم دیدیا۔
کہتے ہیں اگر خط کا جواب نہ دیا گیا تو الیکشن کمیشن کے باہر ایسا دھرنا دوں گا کہ لوگ 126 دن کا دھرنا بھول جائیں گے۔ عمران خان نے این اے 122 کی فتح پر تحریک انصاف کے رہنماؤں اور کارکنوں کو مبارکباد دی۔