اسلام آباد: پاکستان نے سعودی عرب کے ساتھ جوہری معاہدے سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے غیرملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ خلیل اللہ قاضی نے کہا کہ ایگزیکٹ کی جانب سے مبینہ جعلی ڈگریوں کا معاملہ وزارت داخلہ سے متعلق ہے ، امریکہ سمیت کسی ملک نے اس معاملے پر تحفظات ظاہر نہیں کیے۔
خلیل اللہ قاضی نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان کوئی نیوکلیئر ڈیل نہیں ہوئی۔ پاکستان ذمہ دار ایٹمی ریاست ہے ، پاکستانی جوہری پروگرام اپنے دفاع کیلئے ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ سعودی عرب کے شہر نجران میں پندرہ ہزار پاکستانی موجود ہیں جن کی سیکورٹی کیلئے سعودی حکومت سے بات کی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان ایم او یو دہشتگردی سے نمٹنے کیلئے معلومات کے تبادلے اور تعاون کا ہے۔