کیپ ٹاؤن: اسٹار جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین نے فرسٹ کلاس کرکٹ ٹورنامنٹ سے دستبرداری اختیار کر لی جس کے باعث ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی۔
مایہ ناز جنوبی افریقی فاسٹ باؤلر کندھے کی انجری کا شکار ہیں اور انجری مسائل کے باعث گزشتہ سال نومبر سے کرکٹ میدانوں سے دور ہیں۔انہوں نے ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹائٹنز کی جانب سے کم بیک کی منصوبہ بندی کر رکھی تھی اور امید کی جا رہی تھی کہ وہ بنگلہ دیش کے خلاف ہوم ٹیسٹ سیریز کھیلیں گے تاہم فاسٹ باؤلر نے فرسٹ کلاس ایونٹ سے دستبرداری اختیار کر لی ہے جس کی وجہ سے ان کی انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی مزید تاخیر کا شکار ہو گئی ہے۔اسٹین کا کہنا ہے کہ میں اچھی باؤلنگ کر رہا ہوں لیکن چار روزہ یا ٹیسٹ کرکٹ کا ورک لوڈ برداشت کرنا مشکل ہے اس لیے میں نے ابھی کرکٹ نہ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔