وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کہتے ہیں کہ نگراں وزیراعلیٰ کے لیے پی ٹی آئی نے نام واپس لے کرایک اوریوٹرن لیا ہے ، کیا یو ٹرن لینے والا پاکستان کے وزیراعظم کے منصب کا حق دارہو سکتا ہے۔
لاہور پریس کلب کے وفد سے گفت گو میں انہوں نے کہا کہ میں نے نیک نیتی سے اپوزیشن لیڈرسے مشاورت کی، باہمی مشاورت سے ناصر محمود کھوسہ کے نام پر اتفاق کیا گیا۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ عمران خان نے اس معاملے پریو ٹرن لیا ہے اور یہی ان کا وتیرہ ہے، نیازی یو ٹرن کے ماسٹر ہیں، سیاست ان کے بس کی بات نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ دوسری بارجمہوری حکومت اپنی مدت پوری کر رہی ہے، بلوچستان اسمبلی کی الیکشن ملتوی کرانے کی قرارداد سیاسی لحاظ سے نیک شگون نہیں۔
ان کا مزید کہنا ہے کہ میں بلوچستان اسمبلی کی قرارداد سے قطعاً اتفاق نہیں کرتا، عام انتخابات میں تاخیر ملک و قوم کے مفاد میں نہیں، بروقت الیکشن ہی پاکستان میں جمہوریت کیلئے سودمند ہیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کا تابناک مستقبل بروقت، آزادانہ اور شفاف الیکشن سے جڑا ہوا ہے، مسلم لیگ ن کی حکومت نے پانچ سال میں عوام کی بے لوث خدمت کی ہے،یہ کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب نےیہ بھی کہا کہ عوام جانتے ہیں کہ کس نے وقت ضائع کیا اور کس نے ان کی خدمت کی ہے، 25 جولائی کو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا۔