سعودی عرب (نوید فاروقی) پاکستان میں حالیہ ضمنی انتخابات میں لاہور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 122 سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سردار ایاز صادق کی فتح کی خوشی میں مسلم لیگ (ن) ریاض کی جانب سے چوہدری فریاد احمد کی رہائش گاہ پر فتح کا جشن منایا گیا، جس میں مسلم لیگی کارکنان سمیت پاکستان تحریک انصاف ریاض کے صدر عبدالقیوم خان، پی پی پی کے قاضی اسحاق میمن، حلقہء فکروفن کے جاوید اختر جاوید، وقار نسیم وامقؔ ، مجلسِ پاکستان کے سرور خان انقلابی اور مختلف شعبہ ہائے فکر کے لوگوں نے بهرپور شرکت کی.
فریاد احمد چوہدری نے سردار ایاز صادق کو ان کی تاریخی فتح پر مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پاکستان کی فتح هے اور سردار ایاز صادق اور میاں نواز شریف کی قیادت میں تعمیرِ وطن کا سلسلہ جاری رهے گا.اس موقع پر مسلم لیگی قیادت نے تحریک انصاف کو صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 147 سے تحریک انصاف کے امیدوار شعیب صدیقی کی کامیابی پر مبارکباد دی.
پاکستان مسلم لیگ (ن) ریاض کے سنیئر نائب صدر راشد بٹ نے کہا کہ امید ہے پاکستان میں آج کا سورج ایک نئی اور خوشگوار صبح لیکر طلوع ہو گا، پاکستان تحریک انصاف ریاض کے صدر عبدالقیوم خان نے تمام پاکستانیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ جمہوریت کی فتح هے اور عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی بنیاد رکھ دی گئی هے اور یہ ایک تسلسل کے ساتھ مضبوط سے مضبوط تر ہوتی جا رہی هے.
پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے سنیئر رہنماء قاضی اسحاق میمن نے مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بهائی چارے اور اتحاد کی فضاء کو برقرار رکهنا چاہئے جس کا بهرپور اظہار آج کے اس عشائیے میں ہوا هے، آج سب سے بڑی فتح جمہوریت کی ہوئی هے سردار ایاز کا کورٹ جانے کی بجائے عوامی عدالت میں جانا اس بات کا ثبوت هے کہ عوام جمہوریت پر یقین رکهتے ہیں.
مسلم لیگ (ن) ریاض کے پی آر او عدنان بٹ نے کارکنوں کے نام اپنے پیغام میں دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ایکبار پهر مینڈیٹ دے کر جو ذمہ داری سونپی هے اسے احسن طریقے سے نبهایا جائے گا.
اس موقع پر شرکاء سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف ریاض کے سیکرٹری جنرل فیاض گیلانی نے مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے جمہوری رویوں کو فروغ دیا هے اور عوام میں جمہوری شعور بیدار کیا هے جس سے پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہوئی هے.
پاکستان پیپلز پارٹی ریاض کے سیکرٹری جنرل خالد رانا نے دونوں جماعتوں کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دی اور کہا کہ پیپلز پارٹی عوام سے اپنا کهویا ہوا اعتماد جلد بحال کر لے گی اور جمہوریت کے لئے ہماری قربانیاں رائیگاں نہیں جائینگی.
مسلم لیگ (ن) ریاض کے سنیئر ایڈوائزر محمود باجوہ، میڈیا کوآرڈینیٹر مبین چوہدری، سنیئر رکن میاں عمران ججوی، میڈیا نمائندگان جاوید اقبال اور بابر علی بهی موجود تھے.
تقریب میں مہمانوں اور کارکنوں کے درمیان مٹھائی تقسیم کی گئی اور ان کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا گیا.