ہالینڈ: روحانی سلسلہ عظیمیہ کے نیٹ ورک مراقبہ ہال ہالینڈ کے نگران حاجی محمدجاوید عظیمی نے کہا کہ ماہ صیام میں روزہ کشائی کرانے والوں کے لئے اللہ تعالیٰ کے ہاں اجر ہے۔
مگر اگر ہم افطاری پر ہونے والے اخراجات پر توجہ مرکوز کریں تو ایک افطاری پر کم از کم پانچ سو یورو خرچ ہو جاتے ہیں ۔حاجی جاوید عظیمی نے مزید کہا اگر ہم افطار کے لوازمات میں کم خرچ بالا نشین کے اصول کو پیش نظر رکھیں تو متذکرہ انتظام تین سو یورو میں بھی ہو سکتا ہے اس کا مطلب ہم ہر روز دوسو یورو بچائیں تو ماہ صیام کے اختتام پر ہم چھ ہزار یورو بچا سکتے ہیں۔
اس رقم سے ہم پاکستان میں دو سے تین غریب یتیم مسکین بچیوں کے گھر آباد کراسکتے ہیںاور اس نیک عمل کا اللہ تعالیٰ کے ہاں اجر عظیم ہے۔نگران حاجی جاوید عظیمی نے کہا میں تمام پاکستانی بہن بھائیوں سے التماس کرتا ہوں کہ میری اس تجویز پر سنجیدگی سے غور و فکر کریں اور آئندہ ماہ صیام میں اس پر عمل کرکے بے سہارا بچیوں کی دلی دعاؤں کے ساتھ اللہ تعالیٰ اور رسول اکرم ۖ کی خوشنودی بھی حاصل کریں۔