counter easy hit

سفری حفاظت سے متعلق قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے، پی ڈبلیوڈ ی کی انتہائی غیر تسلی بخش کارکردگی پر سرزنش، مجلس قائمہ برائے مواصلات

 

مجلس قائمہ نے پاک پی ڈبلیو ڈی کی غیر معیاری کارکردگی کا نوٹس لے لیا۔ این ٹی آر سی نے گذشتہ سال 5 ملین  روپے تحقیق پر خرچ کیے۔

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) سفری حفاظت سے متعلق قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے۔ یہ ہدایات قومی اسمبلی کی مجلس قائمہ برائے مواصلات نے آج این ٹی آر سی کے ہیڈ آفس میں ایک اجلاس کے دوران دیں۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ این ٹی آر سی نے 5 ملین روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ٹریفک کے مسائل کے متعلق پانچ تحقیقات کرکے اُن کی رپورٹ پیش کی ہے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ ان تحقیقات کو نہ صرف ممبران کمیٹی کو فراہم کیا جائے بلکہ ان تحقیقات کی بنیاد پر نئی قانون سازی کے لئے اقدامات کیے جائیں۔ مجلس قائمہ کو بتایا گیا کہ نیشنل ہائی وے سیفٹی آرڈیننس -2000 کو بھی از سر نو جائزہ لے کر بہتر کیا جارہا ہے۔ مجلس قائمہ نے سفارش کی کہ ٹریفک کے بارے میں تمام قوانین اور قواعد کو بہتر بنایا جائے اور انہیں عالمی قوانین کے ہم آہنگ کیا جائے۔           مجلس قائمہ نے اس بات کا سخت نوٹس لیا کہ پاک پی ڈبلیو ڈی نے ایک بار این ٹی آر سی کے لئے واٹر ٹینک بنانا شروع کیا اور پورا فنڈ وصول کرنے کے باوجود اُسے مکمل نہیں کیا۔ پھر دوبارہ نئے فنڈز منظور ہوئے اور وہ بھی پاک پی ڈبلیو ڈی نے پورے کے پورے وصول کرلئے مگر ابھی تک اُس واٹر ٹینک کو مکمل نہیں کیا اور ادھورا چھوڑ کر کام بند کردیا گیا۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں پاک پی ڈبلیو ڈی اس سلسلے میں اپنی غیر معیاری کارکردگی کا جواب دے اور اس سلسلے میں پاک پی ڈبلیو ڈی کے ڈائریکٹر جنرل اور دیگر ذمہ داران ذاتی طور پر کمیٹی میں پیش ہوں۔

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پولیس نے کمیٹی کو بتایا کہ گذشتہ عرصہ میں 13 اجلاس کے دوران 24  سفارشات موٹروے پولیس کے بارے میں تھیں جن میں سے 20 پر عمل درآمد ہو چکا ہے جبکہ چار امور پر عمل درآمد جاری ہے۔ مجلس قائمہ نے دریائے سندھ کے کنارے موٹروے ایم-ون پر موجود ریستورانوں کی بندش پر عدم اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ مسافروں کی سہولت  کا کماحقہ خیال رکھا جائے۔ مجلس قائمہ نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں خیبر پختونخواہ حکومت کو بھی شرکت کی دعوت دی جائے اور اُن سے گلگت چترال تا چکدرہ سڑک کے ترقیاتی کام کے بارے میں استفسار کیا جائے۔

مجلس قائمہ کے اجلاس کی صدارت، چیئرمین محمد مزمل قریشی نے کی ، ممبران مجلس قائمہ برائے مواصلات محترمہ مائزہ حمید، محترم سلیم رحمان،  انجینئر  حامد الحق خلیل،  مولانا قمرالدین، محترمہ نسیمہ حفیظ پانزئی، انجینئر عثمان خان ترکئی اور محترمہ شاہجہاں منیر مانگریو نے شرکت کی  ۔سیکرٹری ، مواصلات اور  دیگر کئی اعلیٰ افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔

 

About MH Kazmi

Journalism is not something we are earning, it is the treasure that we have to save for our generations. Strong believer of constructive role of Journalism in future world. for comments and News yesurdu@gmail.com 03128594276

Connect

Follow on Twitter Connect on Facebook View all Posts Visit Website