ایک دن میں ایک ڈاکٹر نے 600 مریضوں کو دیکھا، لوگ خوراک کی کمی کا شکار ہیں، پیٹ کی بیماریاں عام ہیں: ڈاکٹر عبدالرزاق
ڈھاکا: میانمار سے جان بچا کر بنگلہ دیش آنے والے روہنگیا مسلمانوں کے مسائل ختم نہیں ہو رہے، میڈیکل کیمپ میں مریضوں کی تعداد زیادہ جبکہ ڈاکٹروں کی کمی ہے۔ ادھر حکومت نے عارضی گھر بنانے کے لئے زمین دے دی۔ ضلع کوکس بازار کے کوتوپالونگ کیمپ میں ڈاکٹروں کی کمی نے روہنگیا مسلمانوں کے مسائل میں اضافہ کر دیا، ایک دن میں ایک ڈاکٹر نے 600 مریضوں کو دیکھا۔ ڈاکٹر عبدالرزاق کا کہنا ہے لوگ خوراک کی کمی کا شکار ہیں، پیٹ کی بیماریاں عام ہیں، بچے غذائیت اور جسم میں پانی کی کمی کا شکار ہیں جو جان لیوا ہو سکتی ہے۔ طویل سفر پیدل کرنے کی وجہ سے مریضوں کی اکثریت شدید بخار میں مبتلا ہے۔