ممبئی: بھارتی بیٹسمین روہت شرما نے انکشاف کیا کہ جنوبی افریقہ میں جنگل سفاری کے درمیان انھوں نے رویندرا جڈیجا کے منہ پر مکا جڑنے کا سوچا تھا۔
روہت شرما نے ایک پروگرام میں کہا کہ اس سفاری کے دوران ہم لوگ کافی محتاط تھے، ایک جگہ پر چیتوں کے بارے میں خبردار کیا گیا تھا، گاڑی میں مجھ سمیت اجنکیا راہنے اور ہماری بیگمات بیٹھی ہوئی تھیں، ایسے میں جڈیجا نے الٹی سیدھی آوازیں نکالنا شروع کردیں۔ انہوں نے بتایا کہ ہم نے انھیں روکا مگر اس دوران آواز سن کر 2، 3 چیتے وہاں آگئے اور ہمیں گھورنا شروع کردیا، اس وقت میں سخت غصے میں تھا، میرا دل چاہ رہا تھا کہ جڈیجا کے منہ پر مکا جڑ دوں مگر پھر خود کو ٹھنڈا رکھا اور ہم وہاں سے بخیریت آگے بڑھ گئے۔