ممبئی(ویب ڈیسک) بھارتی کپتان ویرات کوہلی اور روہت شرما کے درمیان اختلافات کی باتیں پھر زیرگردش ہونے لگیں لیکن اس کی ہرطرف سے تردید ہوتی رہی لیکن اب روہت شرما نے ایسی حرکت کردی کہ پورا بھارت سوچ میں پڑگیا کہ واقعی کہیں نہ کہیں اختلافات موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اوپنر روہت شرما نے ویرات کوہلی کی اہلیہ انوشکا شرما کو سوشل میڈیا پر ’ان فالو‘ کردیا،وہ اس سے قبل کپتان کے ساتھ بھی ایسا کرچکے ہیں، اگرچہ انسٹا گرام پر کوہلی، روہت کو تو فالو کررہے ہیں مگر اہلیہ رتیکا ساجدے کو فالو نہیں کرتے، خود انوشکا روہت اور ان کی اہلیہ دونوں کو ہی فالو نہیں کرتیں۔ کپتان اور نائب کپتان میں اختلافات کی خبریں پہلے بھی آتی رہی ہیں تاہم اب ان میں شدت آ گئی ہے، ایک سینئر کھلاڑی کی جانب سے ورلڈ کپ کے دوران منظور شدہ مدت سے زیادہ اپنی اہلیہ کو ساتھ رکھنے کا معاملہ بھی اسی سے جوڑا جا رہا ہے، کھلاڑیوں کے 2گروپس میں تقسیم ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ دوسری جانب بی سی سی آئی کی کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز کے سربراہ ونود رائے نے ایک بار پھراصرار کیا کہ ٹیم میں اختلافات کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔