چیرمین بلاول بھٹو کے خلاف نیب گردی مضحکہ خیز ہے، لیاقت باغ جلسہ میں رکاوٹیں مہنگی پڑینگی، روحی بانو
پیرس/اسلام آباد(ایس ایم حسنین) پاکستان پیپلز پارٹی فرانس ویمن ونگ کی صدر روحی بانو نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کیخلاف نیب گردی حکومت کا مضحکہ خیز اقدام ہے۔ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور بہت سے قانونی ماہرین حکومت کی چیئرمین پیپلز پارٹی کیخلاف نیب گردی کے ذریعے دبائو ڈالنے کیخلاف آواز اٹھا چکے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کٹھ پتلی حکومت لیاقت باغ جلسہ سے شدید خوفزدہ ہے اور اس کو روکنے کیلیے تمام اوچھے ہتھکنڈے اپنا رہی ہے۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نہ تو زندگی میں کوبھی کوئی عوامی عہدہ رکھا ہے اور نہ ہی کاروبار کیا ہے پھر نیب ان کو شکنجے میں لانے کیلئے کیوں بے تاب ہے۔ ہر زی شعور اس بات سے اندازہ لگا سکتا ہے کہ حکومت نیب اور دوسرے اداروں کو اپوزیشن کیخلاف کس طرح بیہانک طریقے سے استعمال کر رہی ہے۔
حکومت کو یہ تمام کوششیں بہت مہنگی پڑینگی بلکہ گزشتہ سیاسی تاریخ پرنظر ڈالی جائے تو حکومت کی مذموم کارروائیاں چیئرمین بلاول بھٹو اور انکے ساتھیوں کیلئے سود مند ثابت ہونگی اور چیئرمین بلاول بھٹو کے الفاظ حرف بہ حرف سچ ثابت ہونگے کہ وہ دبائو کے ہتھکنڈوں سے پریشان نہیں بلکہ زیادہ خطرناک ثابت ہونگے۔