لاہور: غصیلے افراد اس کمرے میں موجود اشیا کو توڑ پھوڑ کر اپنے غصے میں کمی لانے کی کوشش کرسکتے ہیں
جو افراد بہت زیادہ غصے میں گھر میں موجود اشیا کی توڑ پھوڑ کرتے ہیں ایسے لوگوں کیلئے سنگاپور میں ایک خصوصی کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں وہ دل کھول کر اپنا غصہ نکال سکتے ہیں۔ جی ہاں، سنگا پور میں ایک کمپنی کی جانب سے ایک کمرہ تیار کیا گیا ہے جہاں مختلف قسم کی چیزیں اور مشینیں رکھی گئی ہیں جن کو توڑ کر غصہ نکالا جا سکتا ہے۔ کمرے میں داخل ہونے کیلئے ایک خصوصی لباس تیار کیا گیا ہے جسے زیب تن کئے بغیر اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔اس کے علاوہ یہاں جانے کی اجازت ہر عمر کے لوگوں کو ہے چاہے وہ کسی بھی بیک گرائونڈ سے تعلق رکھتے ہوں۔ سکول جانیوالے بچے سے لے کر آفس میں کام کرنیوالا ہر شخص اب ذہنی دبائو کا شکار رہتا ہے اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کمرے کی تعمیر کا ارادہ کیا گیا۔اس حوالے سے ایک سکول جانیوالی بچی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا اسے غصے میں پرنٹر توڑنا بہت اچھا لگتا ہے کیونکہ وہ سکول میں اسی پر کام کرتی ہے۔