ملک میں ایئر پورٹ سیکیورٹی سے متعلق قوانین ہوں گے مگر خورشید شاہ کا حکم ان سب پر بھاری ہے، جنہوں نے سکھر ایئر پورٹ کے مسافر لاؤنج کو ذاتی مہمان خانے میں تبدیل کردیا ۔قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈرسید خورشید شاہ نے بے نظیربھٹو کی دسویں برسی میں شرکت کیلئے آئے مہمانوں کیلئے زبردست ضیافت کا اہتمام کیا اور اس کیلئے انہوں نے سکھر ایئر پورٹ کو ذاتی اوطاق میں تبدیل کرڈالا، ایئرپورٹ آنے والے مسافروں کو لاؤنج کے ایک کونے میں بٹھادیا گیا۔
ضیافت میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماؤں ، سینیٹرز اور صوبائی اور قومی اسمبلی کے ارکان نے شرکت کی۔اس موقع پر تمام حفاظتی امور کو بالائے طاق رکھ دیا گیا اور مسافروں کیلئے مختص لاؤنج میں قناتیں لگا کر مہمانوں کو دوپہر کا کھانا کھلایا گیا، یہ ضیافت دن گیارہ بجے سے شام تک جاری رہی، اس دوران لوگ بلا کسی روک ٹوک کے سکھر ایئرپورٹ کے لاؤنج میں آتے جاتے رہے۔سی اے اے ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ ہر سال برسی کے موقع پر یہی کرتے ہیں ، سکھر ایئرپورٹ کی انتظامیہ اور ایئرپورٹ سیکورٹی فورس کا عملہ خورشید شاہ کے سامنے بے بس ہوتا ہے۔ذرائع کے مطابق سکھر ایئرپورٹ پر تعینات سول ایوی ایشن اتھارٹی کا جو افسر سید خورشید شاہ کو اس غیرقانونی عمل سے روکنے کی کوشش کرتاہے ، اس کا تبادلہ کردیا جاتاہے، خورشید شاہ کا موقف جاننے کیلئے ان کے رابطہ افسر سے کئی بار رابطے کی کوشش ہوئی لیکن فون اٹینڈ نہیں ہوا۔