لاہور: محکمہ خزانہ پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کی وی وی آئی پی موومنٹ کے لئے نیا ہیلی کاپٹر خریدنے کے لئے 1 ارب روپے کا فنڈ جاری کردیا ہے۔
یس نیوز کے مطابق حکومت پنجاب نے وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے نئے ہیلی کاپٹر کی خریداری کے لئے 1 ارب روپے جاری کردیئے ہیں۔ ترجمان محکمہ خزانہ پنجاب نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 4 رکنی کمیٹی اس وقت روس میں ہی موجود ہے اور کمیٹی نے سوا 2 ارب روپے مالیت کا ہیلی کاپٹر خریدنے کے حوالے سے تمام معاملات طے کرلئے ہیں جس کی رپورٹ بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو دے دی گئی ہے۔ترجمان کا کہنا ہے کہ حکومت نے ہیلی کاپٹر کی خریداری کے لئے فوری طور پر 1 ارب روپے جاری کر دیئے ہیں جب کہ بقیہ رقم بعد میں ادا کی جائے گی۔واضح رہے کہ وی وی آئی پی موومنٹ کے لئے استعمال ہونے والے جیٹ طیارے میں 6 سے 7 افراد میں بیٹھ سکتے ہیں اس طیارے کا اندرونی منظر بھی وی آئی پی ہے جب کہ اس سے قبل وزیراعلیٰ کے استعمال کے لیے خصوصی سیسنا طیارہ تھا تاہم گزشتہ برس لینڈنگ کے دوران اس کا گئیر پھنس گیا تھا جس کے بعد پنجاب حکومت نے نیا طیارہ خریدنے کا فیصلہ کیا تھا۔