ممبئی: بالی ووڈ پر راج کرنے والے تینوں خانز سلمان، شاہ رخ اور عامر خان پر ہر سال کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کی جاتی ہے رواں سال بھی تینوں خانز پر بھارتی فلم انڈسٹری نے اربوں روپے کی رقم لگائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلموں کی کامیابی کی ضمانت سمجھے جانے والے بالی ووڈ کے تینوں خانزسلمان، شاہ رخ اور عامر خان پر بھارتی فلم انڈسٹری میں ہر سال اربوں روپے لگائے جاتے ہیں اور اتنا ہی نہیں اس رقم میں ہر سال اضافہ ہوتا جاتاہے کیونکہ بھارت کے علاوہ پوری دنیا کے شائقین بالی ووڈ کے کسی دوسرے اداکار کے مقابلے میں تینوں خانز کی فلمیں دیکھنا زیادہ پسند کرتے ہیں۔ اس سال بھی تینوں خانز پر تقریباً 600 کروڑ کی سرمایہ کاری کی گئی ہے جب کہ سلمان خان کی فلموں پر باقی دونوں خانز سے زیادہ تقریباً 230 کروڑ کی رقم لگائی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ سلمان کے جیل جانے کی صورت میں بھارتی فلمسازوں اور پروڈیوسروں کو اپنا پیسہ ڈوبنے کا خطرہ پیدا ہوگیا تھا تاہم دبنگ خان کی ضمانت کے باعث ان کی جان میں جان آئی۔
بالی ووڈ کے مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان ’’ٹھگ آف ہندوستان‘‘ کے ساتھ رواں سال میدان میں اتریں گے، فلم کا بجٹ 210 کروڑ روپے ہے جس کے ساتھ یہ فلم رواں سال کی دوسری مہنگی ترین فلم قرار دی جارہی ہے۔
بالی ووڈ میں پچھلے کچھ عرصے سے مشکلات کا شکار بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان بھی اس سال فلم ’’زیرو‘‘ کے ذریعے ایک بار پھر اپنی دھاک جمانے آئیں گے۔ 150 کروڑ کے بجٹ سے بنائی گئی فلم میں شاہ رخ خان کے علاوہ اداکارہ کترینہ کیف اور انوشکا شرما مرکزی کردار ادا کرتی نظرآئیں گی۔