شیخ رشید نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو شیخ رشید کو گرفتار کیا جائے، نواز شریف جس دن پکڑے جائیں گے انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔
راولپنڈی: حکومتی رکاوٹوں اور راستے بند ہونے کے باوجود بھی عوامی مسلم لیگ کے
سربراہ شیخ رشید موٹر سائیکل پر سوار ہو کر کمیٹی چوک پہنچے ۔
انہوں نے گرفتاری سے بچنے کے لیے گلیوں سے موٹرسائیکل پر سواری کی، اور کمیٹی چوک پہنچنے پر گاڑی پر چڑھ کر خطاب کیا۔
ان کا کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میرے سارے راستے بند ہیں ۔ پنڈی کےلوگوں نے ثابت کیا ہے کہ ہم حکومت کو نہیں مانتے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عوامی تحریک اور تحریک انصاف بھی ہمارے ساتھ احتجاج میں شریک ہے ۔
شیخ رشید نے حکومت کو چیلنج کیا کہ ہمت ہے تو شیخ رشید کو گرفتار کیا جائے، نواز شریف جس دن پکڑے جائیں گے انہیں کوئی بچانے والا نہیں ہوگا۔
اس سے پہلے سوشل میڈیا پر پیغام دیتے ہوئے پہلے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ڈرنے والا نہیں حکومت پکڑ سکتی ہے تو پکڑ لے جب کہ ساراشہر بند ہے لیکن پھر بھی اسٹریٹ پاور نظر آئے گی ۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ آج لال حویلی میں جلسہ ضرور ہوگا، عوام جمعہ کی نماز پڑھ کو لال حویلی آئیں گے اور آج دما دم مست قلندر ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ صرف راولپنڈی نہیں پورا پاکستان میری جان ہے۔
واضح رہے کہ عوامی مسلم لیگ نے آج لال حویلی میں جلسے کا اعلان کر رکھا ہے جس میں پاکستان تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے بھی شرکت کرنی ہے۔