لیوٹن برطانیہ (تیمور لون) جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کی کابینہ پارٹی کے مرکز ، نیشنل کونسل کی مکمل حمایت و تائید سے پارٹی آئین و منشور کے عین مطابق اپنی آئینی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے برطانیہ برانچ کا کنونشن آئین و منشور مطابق مقررہ تاریخ 17جنوری 2016بروز اتوار بمقام ” باٹلے ” منعقد کروانے اور کنونشن میں نو منتخب ہونے والی قیادت کو ذمہ داریاں سپرد کرنے تک فعال رہتے ہوئے بدستور آئینی ا کام سرانجام دیتی رہے گی۔
باٹلے میں منعقد ہونے والا نیپ برطانیہ برانچ کا کنونشن ریاست جموں کشمیر کی وحدت کیلئے سنگ میل ثابت ہوگا برطانیہ میں موجود نیپ سے منسلک تمام سیاسی کارکنان اپنی نظریاتی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے کنونشن کو کامیاب ترین اور تاریخی بنانے کیلئے بھرپور کردار ادا کریں ۔ ان خیالات کا اظہار جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کے صدر صادق سبحانی ایڈووکیٹ نے نیپ برطانیہ برانچ کے باٹلے میں منعقد ہونے والے کنونشن بارے پریس بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔
صادق سبحانی نے کہا کہ ریاست جموں کشمیر کی تقسیم پر قابضین کی جانب سے مہر ثبت لگانے جیسے مذموم عزائم نوشتہ دیوار ہیں جن کو کشمیری عوام پڑھتے ہوئے مادروطن کی بندر بانٹ کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں ایسے حالات میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر عین کشمیری نقطہ نظر سے قومی تشخص کے ساتھ اجاگر کرکے عالمی دنیا کی بھر پور حمایت لینے کیلئے جموں کشمیر نیشنل عوامی پارٹی برطانیہ برانچ کا باٹلے میں ہونے والا کنونشن تاریخ رقم کرے گا ۔ پارٹی کارکنان ذہن نشین رکھیں کہ پارٹی کی مرکزی نیشنل کونسل اور برانچ کابینہ کے فیصلہ جات کی روشنی میں نیپ کا باٹلے میں ہونے والا کنونشن ہی آئینی کنونشن ہوگا۔
انہوں نے برانچ کے شعبہ نشرواشاعت کی موجودہ کنونشن کی تشہیری مہم اور پارٹی کیلئے خدمات کو سراہا ہے۔ 17جنوری کو برطانیہ میں باٹلے سے ہٹ کر پارٹی کے نام پر کوئی بھی تقریب غیر آئینی ہوگی ۔ انہوں نے کنونشن کے حوالہ سے برطانیہ میں آباد محبان کشمیر اور ہمدردان کشمیر کو باٹلے میں منعقد ہونے والے کنونشن میں شرکت کی دعوت دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا ہے کہ یہی وہ طریقہ ہے جس سے ریاست جموں کشمیر کی وحدت کیلئے ایک متحد و متفق پیغام دنیا بھر میں جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدوجہد این ایس ایف کی عظیم جدوجہد کا تسلسل ہے جو مادروطن جموں کشمیر کی قومی آزادی و خوشحالی اور عالمی امن کے قیام تک جاری و ساری رہے گی ۔ ہم اپنے عظیم آدرشوں کے عین مطابق فتح کی جانب بڑھے چلیں گے۔