کراچی : روس کی طرف سے پاکستان کو 12 لڑاکا ہیلی کاپٹر ایم آئی 35 فراہم کیے جانے کا امکان ہے، چار ہیلی کاپٹروں کی ترسیل پر رواں ماہ دستخط کیے گئے۔
تاہم دونوں ممالک کے درمیان ہیلی کاپٹروں کی تعداد بڑھانے پر بات چیت جاری ہے، پاکستان نے بارہ ہیلی کاپٹروں کی خریداری میں اپنی دلچسپی ظاہر کردی۔ روسی میڈیا’’ سپتنیک ‘‘ کے مطابق روسی وزارت خارجہ کے حکام نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پاکستان کو چارایم آئی 35 ہیلی کاپٹروں کی ترسیل کے معاہدے توسیع کی جا سکتی ہے۔
پاکستان نے روس پر واضح کیا ہے کہ ان کے پاس دس سے بارہ ہیلی کا پٹرز خریدنے کے مالی وسائل ہیں ،اس پر مذاکرات جاری ہیں ، تاہم یہ رقم پر انحصار کرتا ہے ۔وزارت خارجہ کی ایشیائی امور کے سربراہ زمیر کابلوو کا کہنا ہے کہ ماسکو اور اسلام آباد پاکستان کو روسی دفاعی ہتھیاروں کی ممکنہ فراہمی پر بات چیت کر رہے ہیں۔
پاکستان دیگر روسی ہتھیاروں کے نظام میں بھی دلچسپی رکھتا ہے جس کی فراہمی پرمذاکرات جاری ہیں،خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم دفاعی نظام کے بارے میں بات کر رہے ہیں۔رپورٹ کے مطابق مارچ میں پاکستانی صدر ممنون حسین نے اعلان کیا تھا کہ ایم آئی 35 گن شپ کی خریداری کے ساتھ اسلام آباد روس کے ساتھ دفاعی تجارت میں اضافہ کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کے ترجمان کے مطابق اگست میں اسلحہ برآمد کرنیوالی روسی سرکاری کمپنی روزوبورون ایکسپورٹ اور پاکستان کی وزارت دفاع کے درمیان چار ایم آئی 35 ٹرانسپورٹ اور لڑاکا ہیلی کاپٹروں کے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔