ماسکو: روس نے افغان طالبان کو مفت پیٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے کے الزامات کو مسترد کردیا۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے اپنے بیان میں مغربی میڈیا کے الزامات کی سختی سے تردید کی۔ مغربی میڈیا نے روس پر افغان طالبان کو مفت ڈیزل فراہم کرنے اور امریکی مشن کو ناکام بنانے کے الزامات عائد کیے تھے۔ روسی وزیر خارجہ نے کہاکہ وہ 16اکتوبر کو مغربی میڈیا میں روس پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد اور زمینی حقائق کے برخلاف قرار دیتے ہوئے یکسر مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مذکورہ خبر مفروضوں پر مبنی ہے جس کا مقصد افغانستان میں امریکی و نیٹو افواج کی ناکامیوں کو چھپانا ہے۔ سرگئی لاروف نے کہا ہم اس بات کے ثبوت دے سکتے ہیں کہ برطانیہ اور دوسری قوتیں طالبان کی پشت پناہی کر رہی ہیں۔ واضح رہے کہ برطانوی اخبار نے اپنی خبرمیں دعویٰ کیا تھا کہ روس کی خفیہ ایجنسی گزشتہ 18 ماہ سے ازبکستان کی سرحد سے ڈیزل سے بھرے ٹینکر افغان طالبان کو بھیج رہی ہے۔