سفیر کے قتل کی تحقیقات کے لئے روس کی ٹیم ترکی پہنچ گئی ہے جبکہ آندرے کارلوف کا جسد خاکی ماسکو پہنچادیا گیا ہے، دوسری طرف ترک وزیر خا رجہ نے امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے فون پر بات کی ہے۔
مقتول روسی سفیر آندرے کارلوف کا جسد خاکی طیارے کے ذریعے ماسکو پہنچا دیا گیا، آندرے کارلوف کی بیوہ بھی اسی طیارے سے پہنچیں،روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف اور ان کے ترکی ہم منصب بھی ایئر پورٹ پر موجود تھے ،اس موقع پر فوجی دستے نے سلامی دی۔
امریکی وزیرخارجہ جان کیری سے ترک ہم منصب نے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور بتایا کہ ترکی اور روس دونوں یہ سمجھتے ہیں کہ روسی سفیر کے قتل میں فتح اللہ گولن کےحامی ملوث ہیں۔
واضح رہے کہ گولن نے گزشتہ روز ہی واقعے کو دہشت گردی قرار دے کر تعزیت کا اظہار کیا تھا۔
ادھر روسی سفیر کے قتل کی تحقیقات کے لیے روس کی ٹیم بھی ترکی پہنچ گئی ہے۔ قبل ازیں شام کی صورتحال پر روس کے دارالحکومت ماسکو میں روس، ترکی اور ایران کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا،جس میں شام کے بحران کا سیاسی حل تلاش کرنے پر زور دیا گیا ۔
اجلاس میں روسی سفیر کے قتل کے اثرات ترک روس تعلقات پر نہ پڑنے دینے پر بھی اتفاق ہوا ،یہ بھی کہا گیا کہ شام کے مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے جبکہ حلب، کفریا اور فوعہ علاقوں سے عام شہریوں کے انخلا کا خیر مقدم کیا گیا ہے ۔