روس نے کہاہے کہ روس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کےاس تجزیہ سے اتفاق نہیں کرتا کہ ایران دہشت گرد ریاست ہے، یہ تجزیہ اس سے بہتر شکل میں بھی سامنے آسکتا تھا۔
روسی ترجمان نے کہا ہے کہ روس کے ایران سے دوستانہ تعلقات ہیں،ہم وسیع معاملات پر ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کرتے ہیں ۔ حالیہ ایران امریکا کشیدگی قابل تشویش ہے، اس طرح خطے کی صورتحال خراب ہوسکتی ہے ۔ روسی ترجمان نے واضح کیا کہ یہ بات خفیہ نہیں کہ کئی عالمی مسائل پر ماسکو اور واشنگٹن کی رائے ایک دوسرے سے متصادم ہے ۔ صدرٹرمپ نےامریکی چینل کے ساتھ انٹرویو میں ایران کو دنیا میں نمبر ایک دہشت گرد ریاست قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وہ بہت سے مقامات پر اسلحہ اور مال بھیج رہا ہے۔ اینکرکے سوال پر کہ کیا ٹرمپ پیوٹن کو قاتل قرار دے کر ان کا احترام کرتے ہیں؟ امریکی صدر کا جواب تھا کہ دنیا میں قاتلوں کی بڑی تعداد ہے ، کیا آپ سمجھتے ہیں کہ ہم بے قصور ہیں؟ دوسری جانب روس نے امریکی نیوزچینل سے مطالبہ کیا ہے کہ چینل کےاینکر کی طرف سے پیوٹن پر کیا جانے والا تبصرہ ناقابل قبول ہے اور وہ اس پرمعافی مانگے ۔ چینل کی طرف سے اس سلسلے میں ابھی کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔