ٹرین رکوانے کیلئے ریلوے حکام کو ٹریک پر موجود آئل ٹینکر کے بارے میں بتایا مگر کسی نے میری بات نہ سنی :گیٹ کیپر یونس کا انکشاف
لاہور: شالیمار ٹرین کے حادثے میں ریلوے حکام کی سنگین غفلت سامنے آ گئی ، وفاقی وزیر ریلوے نے آئل ٹینکر ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دے دیا ۔ گیٹ کیپر نے بھی انکشاف کیا ہے کہ ٹرین رکوانے کیلئے ریلوے حکام کو آگاہ کیا لیکن کسی نے ایک نہ سنی ۔ پولیس نے گیٹ کیپر کو ہی گرفتار کر لیا ۔ شیخوپورہ کے قریب شالیمار ٹرین کو حادثہ ریلوے حکام کی سنگین غفلت کا نتیجہ قرار دے دیا گیا ۔ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے دنیا نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئل ٹینکر کے ڈرائیور کو حادثے کا ذمہ دار قرار دیا ۔ گیٹ کیپر یونس نے بھی سنسنی خیز انکشاف کرکے ریلوے حکام کی غفلت کا پول کھول دیا ۔ گیٹ کیپر نے بتایا کہ انہوں نے ٹرین رکوانے کیلئے ریلوے حکام کو ٹریک پر موجود آئل ٹینکر کے بارے میں آگاہ کیا لیکن کسی نے ایک نہ سنی ۔ یونس کے انکشاف کے بعد پولیس حرکت میں آگئی اور اسے ہی حراست میں لے کر تفتیش شروع کر دی۔