لاہور(ویب ڈیسک)اپنے وقت کی سپر اسٹار ، اعلی تعلیم یافتہ اور صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی کا ایوارڈ لینے والی روحی بانو پراسرار طور پر لاپتا ہوگئیں۔ اداکارہ روحی بانو کئی برسوں سے نفسیاتی اور مالی مسائل کا شکار ہیں ۔ روحی بانو نہ فاؤنٹین ہاؤس میں ہیں نہ اپنے گھرمیں، روحی بانو کی بہن کے گھر والے بھی اُن کے بارے میں لاعلم ہیں،آخر روحی بانو گئیں تو کہاں گئیں، کوئی بتانے کو تیار نہیں۔
ماضی کی معروف اداکارہ روحی بانو کی زندگی دکھوں سے بھری پڑی ہے ، ازدواجی زندگی میں بے سکونی کیا کم تھی کہ اکلوتے بیٹے علی کے قتل سے گویا زندگی کی تمام رعنائیاں چِھن گئیں،جس کے بعد فاونٹین ہائوس روحی بانو کا مسکن بن گیا۔ڈاکٹرز کے مطابق روحی بانو نفسیاتی مرض سیزوفرینیاکےمرض میں مبتلا ہیں، اور فائونٹین ہائوس میں علاج کے لئے آتی جاتی رہی ہیں،جہاں ایک کمرہ ان کے لئے ہمیشہ مختص رہتا ہے۔
روحی بانو کوایک سال قبل ان کی بہن فائونٹین ہائوس سے اپنے گھر لے گئی تھیں،تب سے روحی بانو کےبارے میں کسی کو کچھ علم نہیں۔لاہور کے علاقے گلبرگ میں روحی بانو کاگھر کھنڈر میں تبدیل ہوچکاہے، فائونٹین ہائوس انتطامیہ کے مطابق روحی بانو کو ان کی بہن روبینہ گلبرگ میں واقع اپنے گھر میں لے آئی تھیں، اب روحی بانو کے بارے میں ان کی بہن ہی بہتر بتا سکتی ہیں ،جو اس وقت کچھ بھی بتانے کو تیار نہیں۔