صوفیہ (ویب ڈیسک ) جرائم کے حوالے سے کھوجی کے نام سے پروگرام کرنے والی خاتون صحافی کو زیادتی کے بعد قتل کردیا گیا۔بین الاقوامی خبر رساں ادارے کے مطابق بلغاریہ کے ایک پارک سے خاتون صحافی وکٹوریا مارینووا کی لاش ملی، خاتون کے گلے پر نشانات ہیں جس سے لگتا ہے کہ انہیں گلا گھونٹ کر قتل کیا گیا۔
30 سالہ وکٹوریا کے سر پر بھی چوٹ کا نشان ہے، پوسٹ مارٹم سے خاتون صحافی کو زیادتی کے بعد قتل کرنے کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ مقتولہ کا موبائل فون، گاڑی کی چابی اور کپڑے تاحال غائب ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ وکٹوریا غیر سرکاری اور چھوٹے پیمانے پر تشکیل دیئے گئے ٹیلی ویژن چینل ’ٹی وی این بی جی‘ کی انتظامی سربراہ بھی تھیں اور انہوں نے حال ہی میں ایک پروگرام ’Detector‘ یعنی’ کھوجی‘ شروع کیا تھا۔ پولیس کا مزید کہنا ہے کہ ابتدائی تفتیش سے ایسے شواہد نہیں ملے جن کی بناء پر کہا جاسکے کہ خاتون صحافی کا زیادتی کے بعد قتل اُن کے صحافی ہونے کی وجہ سے کیا گیا ہو۔ ٹی وی این کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے اور ٹیلی ویژن چینل کے قیام سے اب تک کسی بھی ملازم کو کسی قسم کی دھمکی موصول نہیں ہوئی ۔