کراچی: گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی جس کے باعث وہ آج مزار قائد پر حاضری نہیں دے سکیں گے.
ترجمان گورنر ہاؤس کے مطابق گورنر سندھ سعید الزماں صدیقی کی طبیعت اچانک ناساز ہوگئی ہے جس کے باعث وہ آج مزار قائد پر حاضری نہیں دے سکیں گے اور وہ گورنر ہاؤس جانے کے بجائے ڈیفنس میں اپنے گھر چلے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مزار قائد کی لفٹ خراب ہونے کے باعث گورنر سندھ حاضری دینے نہیں گئے کیوں کہ گورنر سیڑھیاں نہیں چڑھ سکتے جب کہ مزار قائد پر تعمیر ومرت کا کام جاری ہے ۔
1937 کو بھارتی ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنو میں پیدا ہونے والے جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سندھ کے 30 ویں گورنر ہیں، وہ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے عہدے پر بھی فائز رہے، 2008 میں پرویز مشرف کے مستعفی ہونے کے بعد انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے ٹکٹ پر صدارتی انتخاب بھی لڑا تھا۔
واضح رہے کہ جسٹس (ر) سعید الزماں صدیقی سے قبل ڈاکٹر عشرت العباد خان 14 برس تک سندھ کے گورنر رہے تھے تاہمایوان صدر نے دو روز قبل انہیں عہدے سے ہٹانے کا نوٹی فکیشن جاری کیا تھا۔