پیر س ( نمائیندہ خصوصی ) مظلوم کشمیری قوم کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے09 فروری کو پیرس میں بھرپور اور تاریخی مظاہرہ کیا جائے گا اور بھارتی حکومت کی سرپرستی میں کشمیر میں ہونے والی مسلم کشی کو اجاگر کیا جائے گا۔ فرانس میں پاکستانی کمیونٹی کے نمائیندوں ، سیاسی و مذہبی تنظیموں کے عہدیداران سے مشاورت جاری ہے اور تمام پاکستانیوں کے تعاون سے نو فروری کو مشترکہ طور پر ایک تاریخی مظاہرہ کیا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار سینئر صحافی و پاکستان پریس کلب پیرس فرانس کے بانی صاحبزادہ عتیق الر حمن نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سات عشروں سے کشمیری بھارتی ظلم کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انتہا پسند مودی کی حکومت میں اقلیتوں خصوصا مسلمانوں پر عرصہ حیات تنگ کردیا گیا ہے۔ اس تاریخی مظاہرے کے ذریعے انتہا پسند بھارتی حکومت کو یہ پیغام دیا جائے گا کہ ہم اپنے کشمیری بھائیوں کے حق خود ارادیت کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ان کے حقوق کی بحالی کے لئے ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اس تاریخی مظاہرے میں پاکستانی کمیونٹی کے ہر مکتبہ فکر کے نمائیندے بھر پور شرکت کریں گے ۔