ساہیوال (مانیٹرنگ ڈیسک) سانحہ ساہیوال نے ہرایک کے اندر غم وغصے کی کیفیت پیدا کر دی ہے ،، لواحقین کے بعد اور وکلائ اور تاجر برادری بھی سڑکوں پر نکل آئی ہے ،، جس کے بعد حکومت کیلئے مزید پریشانی کا سامان اکٹھا ہو گیا ہے ،، تاجر اور وکلاء برادری شدید احتجاج کر رہی ہے ،، ساہیوال واقعے کے خلاف مختلف شہروں میں تاجروں اور وکلا برادری کی جانب سے احتجاج اور ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ لاہور ہائیکورٹ میں واقعے کی جوڈیشل انکوائری کے لیے درخواست بھی دائر کردی گئی ہے،، بہاولپور میں ساہیوال واقعے کے خلاف ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا کی مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جب کہ کمالیہ میں بھی ہڑتال ہے اور ملزمان کے خلاف وکلا نے کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،، اسی طرح بہاول نگر میں ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلاء کی مکمل ہڑتال جاری ہے جب کہ مظفر گڑھ، وہاڑی، خانیوال، ڈیرہ غازی خان، بورے والا میں بھی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے وکلا کی جانب سے ہڑتال کی جارہی ہے،، پشاور میں بھی ساہیوال واقعے کے خلاف خیبرپختونخوا بار کونسل کی کال پر وکلاء کی جانب سے ہائیکورٹ اور ماتحت عدالتوں کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے جب کہ کے پی بار کونسل نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے،، بورے والا میں سانحہ ساہیوال کے سوگ میں انجمن تاجران کی کال پر شہر بھر میں مکمل ہڑتال کی جارہی ہے جس کے باعث تمام تجارتی مراکز بند ہیں۔،، دوسری جانب سانحہ ساہیوال کی جوڈیشل انکوائری کے لیے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی گئی جس میں حقائق سامنے لانے کے لیے واقعےکی عدالتی تحقیقات کرائے جانے کی استدعا کی گئی ہے۔