برسلز (پ۔ر) کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے رکن یورپی پارلیمنٹ ڈاکٹر سجاد کریم کیطرف سے یو رپی یونین کی خارجہ امور کی اعلیٰ نمائندہ مس فیڈریکا موغرینی کو لکھے گئے حالیہ خط کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ سجاد کریم نے مقبوضہ کشمیر میں جاری سنگین مظالم خصوصاً پیلٹ گن کے غیرقانونی استعمال کے خلاف آواز بلند کر کے بروقت اقدام کیا ہے۔
واضح رہے کہ سجاد کریم نے اپنے خط میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر سخت تشویش ظاہر کرتے ہوئے وادی میں مظالم بند کروانے کے لیے یورپی یونین کی مداخلت کا مطالبہ کیا تھا۔سجاد کریم نے اپنے خط میں مقبوضہ وادی میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے مظلوم کشمیریوں پر پیلٹ گن کے استعمال اوراس کے نتیجے میں سینکڑوں معصوم کشمیریوں کی آنکھوں سے نابینا ہونے اور براہ راست فائرنگ اور تشدد میں متعدد کے شہید ہونے کابھی تذکرہ کیا تھا۔
مس موغرینی نے اس خط کا مثبت جواب دیتے ہوئے مقبوضہ کشمیرمیں متاثرہ خاندانوں کے ساتھ گہری ہمدردی اور کشمیریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات پر زوردیاہے اور یہ بھی کہاہے کہ یورپی یونین ہندوستان اور پاکستان کی حکومتوں کے ساتھ رابطے میں ہے۔
علی رضاسیدنے اپنے ایک بیان میں کہا کہ خاص طورپر جس انداز سے سجادکریم نے کشمیرکے موضوع کوجس میں انسانی حقوق کے مسائل خصوصاً حالیہ دنوں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجوں کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف وزریوں کے واقعات بھی شامل ہیں، یورپی یونین کی سطح پرباربار اٹھایا، وہ قابل ستائش اورلائق تحسین ہے۔
علی رضا سید نے مزید کہاکہ رکن ای یو پارلیمنٹ سجاد کریم نے مسئلہ کشمیر کو یورپ میں اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔
بھارتی مظالم کا شکار غیور کشمیری سجاد کریم جیسے لوگوں کے شکرگزار ہیں جنھوں نے رضاکارانہ طورپر اورمخلصانہ انداز میں کشمیرکا کیس یورپ پیش کیا اور خاص طورپر انسانی حقوق کے مسئلے کو بھرپور طریقے سے اٹھایا ہے۔
علی رضا سید کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے حق خودارادیت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور یہ قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گے۔ مسئلہ کشمیر کشمیریوں کے لیے ایک حساس مسئلہ اور ہم جموں و کشمیر کے لوگوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو گذشتہ کئی عشروں سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں اوران میں مظالم میں ہمیشہ اضافہ ہی ہوتا رہا ہے۔
چیئرمین کشمیرکونسل ای یونے اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق زیدرعدالحسین کے حالیہ بیان کو بھی سراہاجس میں انھوں نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کے ضیاع کی آزادانہ تحقیقات پر زور دیا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اب عالمی برادری خصوصاًاقوام متحدہ اور یورپی یونین فوری مداخلت کر کے مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظا لم بند کروائیں اور کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کی راہ ہموار کریں۔