پشاور…….قومی احتساب بیورو خیبر پختونخوا کے ڈائریکٹر جنرل سلیم شہزاد کا کہنا ہے کہ جنرل پوسٹ آفس پشاور میں 22 ہزار جعلی پنشنرز کا کھوج لگایا گیاہے۔جعلی پنشن کی مد میں سالانہ 58 کروڑ روپے غبن کئے گئے۔انسداد بدعنوانی کے عالمی دن کی مناسبت سے پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی جی نیب سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ قومی احتساب بیورو نے سولہ سالوں میں 265 ارب روپے کی ریکوری کی۔خیبر پختونخوا میں چودہ سالوں میں صرف ڈیڑھ ارب کی ریکوری ہوئی تھی، گذشتہ بیس مہینوں میں تین ارب کی ریکوری کی گئی ہے۔پہلے ایک سال میں بائیس مقدمات درج ہوتے تھے۔ گذشتہ بیس مہینوں میں کرپشن کے 75 مقدمات درج کئے گئے،صوبے میں کرپشن کی 33 ہزار شکایتیں ملی ہیں۔کرپشن کے ملزموں کو سزا دینے کی شرح 74 فیصد ہے۔