بالی وڈ اسٹار سلمان خان اور رنبیر کپور کی ناراضی ختم نہ ہوئی اور دونوں اداکار تقریبات میں ایک دوسرے کو نظر انداز کرنے لگے۔
سلمان خان اپنی دوستی کے ساتھ ساتھ ناراضی کے حوالے سے بھی شہرت رکھتے ہیں یہی وجہ ہے کہ کوئی بھی اداکار ان سے دشمنی مول نہیں لیتا جب کہ رنبیر کپور اور ویویک اوبرائے سمیت کئی اداکاروں کی سلو میاں سے ناراضی چل رہی ہے۔ سلمان خان اور کترینہ کے درمیان طویل عرصے سے معاشقہ رہا ہے اور نوبت شادی تک آپہنچی تھی جس کا اعتراف خود اداکار نے کیا تھا لیکن رنبیر کپور سے ملاقات کے بعد کترینہ نے سلو میاں سے راہیں جدا کرلی تھیں جس کے باعث دبنگ اسٹار رنبیر سے ناراض ہیں۔
کترینہ کیف اور رنبیر میں کنارہ کشی کے بعد بھی سلمان اور رنبیر میں اختلافات کم نہیں ہوئے ہیں اور دونوں ایک دوسرے کو تقریبات میں نظر انداز کرتے نظر آتے ہیں۔ حال ہی میں سلمان خان اپنے دوست شاہ رخ خان کی فلم میں آئٹم سانگ کی شوٹنگ کے لیے یش راج فلمز اسٹوڈیو پہنچے جہاں پہلے سے ہی موجود رنبیر کپور نے انہیں دیکھ کر نظر انداز کردیا اور فوری رنبیر تقریب ادھوری چھوڑ کر چلے گئے۔ اس سے قبل بھی رنبیر کپور اور کترینہ کیف ممبئی کے محبوب اسٹوڈیو میں اپنی فلم ’’جگا جاسوس‘‘ کی تشہیری تقریب میں شریک تھے کہ سلمان خان فلم ’’ٹائیگر زندہ ہے‘‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں وہاں پہنچے جنہیں دیکھ کر کترینہ تقریب ادھوری چھوڑ کران سے ملنے پہنچ گئی تھیں لیکن رنبیر سلمان کو مکمل طور پر نظر انداز کرتے ہوئے نکل گئے تھے۔