قومی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے سلمان بٹ کی ٹیم میں واپسی کا اشارہ دیا ہے تاہم برطانیہ کی ویزا پالیسی آڑے آ سکتی ہے۔
لاہور: (یس اُردو) دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستانی ٹیم میں سلمان بٹ کے نام پر غور کیا جا رہا ہے تاہم ہو سکتا ہے کہ ایسا ممکن نہ ہو سکے کیونکہ خبریں ہیں کہ شاید برطانوی حکومت انھیں ویزہ جاری نہ کرے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سپاٹ فکسنگ کیس میں ملوث ہونے کی وجہ سے سلمان بٹ پر پانچ سال کی پابندی عائد کر دی تھی۔ کرکٹ کو دہلا کر رکھ دینے والے اس واقعے میں ملوث ہونے پر برطانوی عدالت نے سلمان بٹ کو مجرم ٹھہراتے ہوئے انھیں 30 ماہ تک جیل کی سزا سنائی تھی تاہم قانون میں نرمی کرتے ہوئے انھیں صرف سات ماہ ہی جیل میں گزارنے پڑے، جس کے بعد انھیں پاکستان جانے کی اجازت دیدی گئی تھی۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اسی قانون میں یہ کنڈیشن ہے کہ سزا یافتہ کوئی بھی شخص 10 سال تک برطانوی سرزمین پر قدم نہیں رکھ سکتا۔ برطانوی قوانین کے مطابق سلمان بٹ اور محمد عامر کو دورہ انگلینڈ کے لیے ویزہ کے حصول میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے تاہم پی سی بی معاملے کے حل کیلئے اقدامات کر رہا ہے