ہریانہ پولیس نے ملزم کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ 28 سالہ سمپت نہرا کا تعلق راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر اور جرائم پیشہ شخص لارینس بشنوئی کے گینگ سے ہے جو سلمان خان کے قتل کی منصوبہ بندی کے تحت ریکی کے لیے ممبئی گیا تھا اور اُس نے اداکار کے گھر کی کچھ تصاویر اور اُن کے گھر آنے اور جانے والے تمام راستوں کی اپنے موبائل سے فوٹیج بھی بنائی تھیں
ڈی آئی جی ہریانہ ستیش بالن نے مزید انکشاف کیا کہ نہرا نے ممبئی آکر نہ صرف اُن کے گھر کا دورہ کیا بلکہ مداحوں سے ملنے کے لیے سلمان کے بالکونی میں آنے کا وقت بھی نوٹ کیا اور یہاں تک کہ اُس نے سلمان کے گھر کے قریب ترین مقام تک پہنچنے اور وہاں سے بالکونی کا فاصلہ بھی نوٹ کیا تاکہ اس جگہ سے سلمان کو نشانہ بنایا جاسکے۔
پولیس نے مزید بتایا کہ رواں برس جنوری میں راجستھان کے بشنوئی قبیلے کے بااثر افراد نے نایاب کالے ہرن کا شکار کرنے کے معاملے پر سلمان خان کو قتل کرنے کی دھمکی دی تھی۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ کے سلطان سلمان خان کو نایاب کالے ہرن شکار کے 19 سال پرانے کیس میں بھارتی ریاست راجستھان کے شہر جودھ پور کی مقامی عدالت نے چند ماہ قبل قصوروار ٹھہراتے ہوئے 5 سال قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزاسنائی تھی جس کے بعد انہیں ضمانت پر رہا کردیا گیا تھا۔