لاہور (ویب ڈیسک) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے دس سالوں میں عوام کیلئے نہیں بلکہ اپنے لیے سہولتیں پیدا کیں، جتنا نقصان پنجاب کو شہباز شریف دور میں ہوا اس کی مثال نہیں ملتی، مہنگائی بیروز گاری کا جن شہباز شریف کی طرف سے عوام کو تحفہ ملا ہے۔
وہ یہاں کاسموپولیٹن کلب کے نومنتخب ارکان کی حلف برداری تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ وفد میں ڈاکٹر افتخار بخاری، قمرالزمان بابر، حق نواز گھمن ملک حفیظ طاہر الرحمان، شہزاد علی، ذوالقرنین، ذوالفقار راحت، آصف چٹھہ، غلام فرید کھوکھر، رانا محمد طارق، خالد محمود خاں، ڈاکٹر محمد شوزب، عابد محمود نکئی، محمد آصف خواجہ لیاقت علی قریشی، جیکولیس ٹریسلر، سابق ایم پی اے آمنہ الفت، عزیزہ سعید، سفیہ اسحاق شامل تھے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوام کے معیار زندگی بہتر بنانے پر یقین رکھتی ہے، سیاسی جماعتوں کا فوکس عوامی مفاد ہونا چاہئے، ملک اور سیاست میں انتشار پھیلانے والے عناصراپنے منفی ایجنڈے پر نظر ثانی کریں، نو منتخب ارکان ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ میرا وژن ہے کہ جمخانہ کلب کی طرز پر یہاں بھی ارکان کیلئے علیحدہ کمرے، ریسٹورنٹ، سوئمنگ پول، لائبریری اور سپورٹس کمپلیکس بنائے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ کاسمو پولیٹن کلب 1927ء میں بنی اور برصغیر کی تقسیم کے بعد 1947ء میں قائداعظم نے جناب جسٹس عبدالقیوم سے کاسمو پولیٹن کلب کے پہلے صدر کی حیثیت سے حلف لیا، کاسمو کلب ایک تاریخی ورثہ ہے، گورننگ باڈی سے منسلک عہدیداران اپنی ذمہ داریوں کا احساس کرتے ہوئے خلوص اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی ادا کریں۔ کاسمو کلب کے صدر افتخار حسین گیلانی نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی زیر صدارت پنجاب اسمبلی کی تاریخی عمارت میں حلف اٹھانا ہمارے لیے باعث اعزاز ہے۔ آپ نے بطور وزیر اعلیٰ پنجاب جو فلاحی اور عوامی کام کیے جن میں 1122، مفت تعلیم، کتابیں قابل قدر ہیں یہی وجہ ہے کہ آج عوام دل سے آپ کیلئے دعائیں کرتے ہیں۔