اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا ہےکہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے جب کہ ممبئی حملوں پر شور مچانے والا بھارت اب کیوں خاموش ہے۔
وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم سوامی آسیم نند کو رہا کرانے کے لیے بھارت نے گواہ منحرف کرائے جس کے شواہد موجود ہیں، 68 بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے کی آزادی بھارت کا دہرا معیار ہے، بھارت نے اپنے ملک میں دہشت گردوں کو دی جانے والی آزادی پر آنکھیں بند کر رکھی ہیں جب کہ ممبئی حملوں پر ہروقت شور مچانے والا بھارت اب کیوں خاموش ہے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان کے خلاف ڈھونڈورا پیٹنے والے بھارت کو مقدس گائے سمجھا جاتا ہےاور بھارت میں دہشت گردوں کے آزاد پھرنے سے کسی کو کوئی تحفظات نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سمجھوتہ ایکسپریس کے مرکزی ملزم کی رہائی پر عالمی برادری کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے۔
عالمی برادری کا اس واقعے کو نظر انداز کرنا سوالوں کو جنم دیتا ہے جب کہ ملزم کی رہائی سے عالمی برادری کا بھی دہشت گردوں سے متعلق دہرا معیار سامنے آگیا ہے۔